بھٹکل:17؍دسمبر(ایس اؤ نیوز)سرکاری اسکولوں کی طرف بچوں کو راغب کرنے کے لئے محکمہ تعلیمات عوامی تعاون سے مختلف تجربات کو انجام دے رہاہے۔ اس سلسلے میں تعلقہ کے بائیلور گرام پنچایت کے سن بلسے کی جونئیر ہائی اسکول کو عوامی تعاون سے سجایاگیا ہے۔
سن بلسے کی جونئیر پرائمری اسکول میں اول جماعت سے پنجم تک تعلیم ہوتی ہے جہاں 18طلبا ہیں۔ اساتذہ ایس ٹی گونڈ اور محمد رفیق پچھلے ایک دہے سے یہاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اسکول میں طلبا کی تعداد میں اضا فے کا منصوبہ لے کر اسکول کو سجایا گیا ہے۔ اسکول کو سجانے کے لئے گاؤں والوں نے قریب 50ہزار روپئے کا عطیہ دیتے ہوئے اسکول کے اندرونی اور بیرونی حصوں کو تصاویر سے رنگین کیاہے۔ خاص کر طلبا کے لئے تعلیمی سطح پر ضروری بھٹکل تعلقہ، اترکنڑا ضلع، ریاست کرناٹکا سمیت مختلف نقشہ جات، سائنسی تصاویردل، گردے، پھیپھڑے ، نظام شمسی، سیارے ، ستارے سمیت ہر مضامین کے متعلق تصاویرکو چسپاں کیاگیا ہے۔ اسکول کے صحن کو باغ میں تبدیل کیاگیا ہے، جہاں کئی سبزیوں ، پھلوں کے پودوں کو نصب کیاگیا ہے۔ اساتذہ نے بتایاکہ اسکول اور گاؤں ایک خاندان کی طرح ہے، گاؤں والوں کا اسکول کے لئے ہرطرح کا تعاون حاصل ہے۔ ہم نے کافی محنت کی ہے اور امید بھی ہے کہ اب زیادہ بچے سرکاری اسکول میں داخلہ لیں گے۔
